هفته,  19 اپریل 2025ء
باوردی رقص وردی کی توہین؟ پنجاب پولیس اہلکاروں کی ویڈیو پر سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد — سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو نے عوامی حلقوں میں بحث کو جنم دے دیا ہے، جس میں ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کے اہلکار ڈیوٹی کے دوران باوردی ہوکر سڑک پر رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس عمل پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، اور اس حوالے سے رائے دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل کو “وردی کی توہین” قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی وردی ایک سنجیدہ اور باوقار ادارے کی علامت ہے، جس کا مقصد عوام کی حفاظت اور قانون کی عملداری ہے، نہ کہ تفریح یا ٹک ٹاک ویڈیوز بنانا۔ ان کے مطابق جب وردی میں ملبوس اہلکار سڑکوں پر ڈانس کریں گے تو عوام کے ذہن میں پولیس کا تاثر سنجیدہ نہیں رہے گا، بلکہ ان کا وقار مجروح ہوگا۔ کئی افراد نے اس پر سوال اٹھایا ہے کہ اگر محافظ ہی تفریح میں لگ جائیں گے تو عوام کی جان و مال کی حفاظت کون کرے گا؟

دوسری جانب کچھ صارفین نے ان اہلکاروں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ پولیس اہلکار عام انسان ہیں، جو دن رات، عید ہو یا شبِ برات، ہر تہوار پر اپنی فیملی سے دور صرف عوام کی خدمت کے لیے ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ چند لمحوں کے لیے ہنسی خوشی کے ساتھ وقت گزار لیں یا اپنے تناؤ کو کم کرنے کے لیے کچھ تفریح کر لیں تو اس پر تنقید کے بجائے ان کی قربانی کو سراہنا چاہئے۔ کئی صارفین نے کہا کہ ہم عوام کو چاہیے کہ ان کی انسانیت کو بھی مدِنظر رکھیں، نہ کہ ہر وقت صرف تنقید کا نشانہ بنائیں۔

تاہم ایک اور طبقے نے اس بحث سے ہٹ کر ایک اور سنجیدہ نکتہ اٹھایا ہے کہ ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باوردی افسران کی ویڈیوز بنانا اور انہیں اپ لوڈ کرنا نہ صرف ادارے کی پالیسی کے خلاف ہو سکتا ہے بلکہ یہ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کے بھی منافی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ایسے رجحانات کو روکنے کے لیے اعلیٰ حکام کو پالیسی سازی کرنی چاہئے تاکہ وردی کا تقدس اور ادارے کی ساکھ محفوظ رہ سکے۔

مزید پڑھیں: پنجاب پولیس اہلکاروں کی وردی میں ویڈیوز وائرل ہونے پر تشویش

اس تمام صورتحال نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اداروں کو نہ صرف اہلکاروں کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود پر توجہ دینی چاہئے بلکہ یہ بھی یقینی بنانا چاہئے کہ ان کے رویے عوام کے اعتماد کو متاثر نہ کریں۔ پولیس جیسے اہم ادارے کی ساکھ کسی بھی ملک کے نظام انصاف اور امن عامہ کی بنیاد ہوتی ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

ویڈیولنک: @COMMANDO1❤️ (@nawazmohal887)’s videos with original sound – Dani Khan gujrati✅ | TikTok

مزید خبریں