حافظ آباد (شوکت علی وٹو) اہل حدیث یوتھ فورس حافظ آباد کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو مسجد مبارک اہل حدیث سے شروع ہو کر فوارہ چوک حافظ آباد تک پرامن طور پر جاری رہی۔ ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے افراد، نوجوانوں، علمائے کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت جناب عبدالحمید رحمانی ناظم مالیات، مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع حافظ آباد، اور حضرت مولانا طارق محمود مدنی صاحب، ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث تحصیل حافظ آباد نے کی۔ اس موقع پر ممتاز علماء کرام حضرت مولانا عطاء اللہ محمدی صاحب اور حضرت مولانا عابد الٰہی صاحب، خطیب جامع مسجد مبارک، بھی موجود تھے، جنہوں نے اپنے خطابات میں فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا.ریلی کے منتظمین میں محمد عثمان رحمانی (ناظم مالیات اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان)، حافظ محمد عمر زمان (صدر اہل حدیث یوتھ فورس سٹی حافظ آباد)، شیخ احسن اعجاز (جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس سٹی حافظ آباد)، احمد یعقوب انصاری (سینئر نائب صدر اہل حدیث یوتھ فورس سٹی حافظ آباد)، اور حذیفہ سعید بھون صاحب (فنانس سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس سٹی حافظ آباد) شامل تھے، جنہوں نے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا۔شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کی آزادی، اسرائیلی بربریت کے خلاف مذمتی کلمات، اور مسلمانوں کے اتحاد کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے زبردست جوش و جذبے کے ساتھ نعرہ بازی کی اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ریلی کے اختتام پر عالمِ اسلام کے لیے، بالخصوص فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اہل حدیث یوتھ فورس ہر فورم پر مظلوموں کی آواز بلند کرتی رہے گی۔
