اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سینی ٹیشن ڈائریکٹریٹ کی نجکاری کے خلاف سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کمیٹی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں ملازمین نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین، صدراورنگزیب خان، وارث دلیپ، ملک دلشاد، چوہدری منیر، تشکیل جاوید بھٹی، نذیر بھٹی، فاروق نور، الیاس طفیل اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ سی ڈی اے کے ملازمین کی محنت کی بدولت اسلام آباد جیسے خوبصورت شہر کی بین الاقوامی سطح پر پہچان ہے، لیکن حکومت کے اقدامات سے یہ شہر متاثر ہو رہا ہے۔
چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹریٹ کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سینی ٹیشن کی نجکاری کے حوالے سے جاری ٹینڈر واپس لیا جائے تاکہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ اگر یہ اقدامات واپس نہ لئے گئے تو سی ڈی اے مزدور یونین بھرپور احتجاج کرے گی اور شہر بھر میں ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینی ٹیشن کے محنت کشوں خاص طور پر مسیحی برادری کو انتظامیہ کی طرف سے ظلم کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کی نجکاری کے خلاف مزدور یونین کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ مظاہرے کے شرکاء نے اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی قیادت میں اپنے حقوق کے لئے آخری حد تک لڑنے کو تیار ہیں۔