هفته,  19 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں: ہنگامہ آرائی، فائرنگ، زیادتی، منشیات، بوگس کالز اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) — راولپنڈی پولیس کی جانب سے سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر مختلف تھانوں کی حدود میں متعدد کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جن میں ہنگامہ آرائی، فائرنگ، منشیات فروشی، زیادتی، شراب سپلائی، ناجائز اسلحہ اور بوگس کال کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

فاسٹ فوڈ چینز کے باہر ہنگامہ آرائی

تھانہ نیوٹاؤن اور تھانہ کینٹ کی حدود میں فاسٹ فوڈ چین کی برانچز کے باہر ہنگامہ آرائی کے مختلف واقعات میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 24 ملزمان کو گرفتار کیا۔ نیوٹاؤن واقعے میں گرفتار افراد میں اعجاز، عمر فاروق، محمد شہباز، شہزاد علی اور دیگر شامل ہیں جبکہ کینٹ کے واقعے میں کامران، نسیم، توصیف، خضر، منصور سمیت 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کی۔

پولیس پر فائرنگ: ایک گرفتار، ایک فرار

پیرودھائی کے علاقہ چھتی قبرستان کے قریب دو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس میں ایک ملزم عمر خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جو منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔

گوجر خان میں کمسن بچی سے زیادتی

تھانہ گوجر خان کی حدود میں 13 سالہ بچی سے زیادتی کے الزام میں ملزم ہارون کو گرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ بچی کا میڈیکل کروا کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

روات میں خاتون سے زیادتی

تھانہ روات میں شادی شدہ خاتون نے زیادتی کی شکایت کی، پولیس نے ملزم طلاء خان کو فوری گرفتار کر کے میڈیکل پراسیس شروع کر دیا ہے۔

بوگس کال پر کارروائی

ٹیکسلا پولیس نے 15 پر جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم رزاق کو گرفتار کر لیا۔ اس نے پولیس کو غلط اطلاع دی کہ قتل ہو گیا ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں

راولپنڈی پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 7.5 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی۔ ملزمان میں اسرار، شکیل، آصف، آزاد اور نیئرعباس شامل ہیں۔

شراب سپلائرز کی گرفتاری

مجموعی طور پر 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 80 لیٹر سے زائد دیسی شراب اور 30 بوتل شراب برآمد کی گئی۔ ملزمان میں آیاز، طیب عثمان، عامر پرویز، حمزہ، اورنگزیب، عمر طیب اور دیگر شامل ہیں۔

ناجائز اسلحہ رکھنے والے گرفتار

راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے پستول، رائفل اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں، قاتل، منشیات فروش، اسلحہ بردار، قمار باز اور موٹر سائیکل چور گرفتار

کھلی کچہری

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے گئے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحرک ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ بدتمیزی، ہنگامہ آرائی اور تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں