هفته,  19 اپریل 2025ء
افغان حکومت مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے مکمل تیار ہے، حافظ محب اللہ

پشاور (روشن پاکستان نیوز) – پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ نے افغان قونصل خانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی حکومت پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیشن بھی تشکیل دیا ہے تاکہ واپسی کا عمل منظم اور آسان بنایا جا سکے۔

قونصل جنرل کے مطابق افغان شہریوں کے لیے کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں انہیں مکمل سہولیات اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کو وطن واپسی کے دوران کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آئے گی، کیونکہ حکومت افغانستان نے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

حافظ محب اللہ نے کہا کہ امیرالمومنین افغان مہاجرین کی وطن واپسی پر خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں نے پاکستان میں چالیس سال سے زائد عرصہ گزارا اور یہاں تعلیم و کاروبار کے بہتر مواقع میسر آئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مہاجرین کو پاکستان میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور انہوں نے یہاں حلال روزی کمائی۔

قونصل جنرل نے مزید کہا کہ افغانستان میں اب امن قائم ہو چکا ہے، وہاں روس یا امریکہ کی کوئی حکومت نہیں ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ افغانستان کو آباد کیا جائے اور مہاجرین اپنے وطن واپس جا کر ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو بڑے مارجن سے ہرا دیا

مزید خبریں