اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – تھانہ سبزی منڈی کے ایس ایچ او فواد خالد اور ان کی ٹیم نے ایک دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے خطرناک اور اشتہاری ڈاکو کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔ ملزم عمیر عرف مہری، جو کہ رتہ مرال راولپنڈی کا رہائشی تھا، 40 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھا۔
تفصیلات کے مطابق، واردات کے بعد آئی نائن سیکٹر سے فرار ہونے والے دو مسلح ڈاکوؤں کو پولیس نے گھیر لیا۔ گرفتاری کی کوشش کے دوران ملزمان نے پولیس پر شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ان ہی کے ساتھی کی گولی سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ڈاکو کو گرفتار کر کے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس نے موقع سے آئی نائن سیکٹر سے چھینے گئے موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیاء برآمد کر لیں۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عمیر عرف مہری کے نام سے ہوئی، جس کی نعش کو تھانہ نون کے علاقے میں گزشتہ روز سنیچنگ کے دوران قتل ہونے والے نوجوان کے ورثاء نے شناخت کر لیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔