بدھ,  16 اپریل 2025ء
جی ٹیک اور امریکی سفارتخانہ کا ایس ایم ایز تعاون پر اتفاق

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) امریکی سفارتخانے کی قائم مقام سفیر اور ناظم الامور نیتھلی اے بیکر نے اسلام آباد میں گلوبل ٹریڈ ایکسپو سینٹر پاکستان (GTEC) کے چیئرمین و سی ای او مظہر حسین تھاٹہل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستانی ایس ایم ایز پر مشتمل وفد بھی شریک تھا۔

ملاقات کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا تھا۔

جی ٹیک کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ ریلیشن شپ لیاقت تھاٹہل نے کہا کہ، “ہماری تنظیم کا ویژن ہے کہ پاکستانی اور امریکی ایس ایم ایز کے درمیان پل کا کردار ادا کیا جائے۔ مستقبل کی یہ شراکت داری خاص طور پر خواتین کاروباری شخصیات اور چھوٹی صنعتوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی۔”

ملاقات میں امریکی سفارتخانے کے اکنامک افسران نے بھی شرکت کی اور مشترکہ کاروباری منصوبوں، تجارتی تعاون، اور دونوں ممالک کے درمیان SME نیٹ ورک کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک اہم اعلان یہ تھا کہ پاکستان کی ایس ایم ایز پر مشتمل تجارتی وفد آئندہ پاکستان-یو ایس اے SME ٹریڈ اینڈ بزنس ڈیلیگیشن 2025 کے تحت نیویارک میں ہونے والی انٹرنیشنل فرنچائز ایکسپو 2025 میں شرکت کرے گا۔ اس وفد کی تنظیم GTEC کر رہا ہے، جس میں سرجیکل آلات، صحت، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، خوراک، اور بیوٹی مصنوعات سے وابستہ پاکستانی ایس ایم ایز شامل ہوں گی۔

یہ اقدام نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دے گا بلکہ خواتین کاروباری افراد کے لیے بین الاقوامی سطح پر ترقی کے دروازے بھی کھولے گا۔

مزید خبریں