اتوار,  13 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس کی سیکیورٹی، جرائم اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن – متعدد گرفتاریاں اور بھاری مقدار میں منشیات و اسلحہ برآمد

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) پی ایس ایل سیزن 10 کے سلسلے میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے دوسرے میچ کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی نے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران کا معائنہ کیا۔ 6000 سے زائد پولیس افسران و جوان سیکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور موبائل گشت ٹیمیں اسٹیڈیم کے گرد و نواح میں موجود ہیں۔

سی پی او نے ہدایات جاری کیں کہ شائقین کو واک تھرو گیٹ اور مکمل باڈی سرچنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ ممنوعہ اشیاء مثلاً پاور بینک، ہینڈ فری، ایئر پوڈز اور کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے پر پابندی ہوگی۔

زہریلی شے سے قتل کرنے والی ملزمہ گرفتار

گوجرخان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شازیہ یونس عرف کوکو جان نامی ملزمہ کو گرفتار کر لیا، جو ساجد نامی شہری کو زہریلی شے کھلا کر قتل کرنے اور قیمتی اشیاء چوری کرنے میں ملوث تھی۔ ملزمہ کے خلاف راولپنڈی، پشاور اور وزیرآباد میں بھی مقدمات درج ہیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں، بھاری مقدار میں چرس برآمد

وزیر اعلیٰ پنجاب کے “ڈرگ فری پنجاب” وژن کے تحت راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں 10 ملزمان گرفتار کیے گئے اور 12 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

شراب فروشوں کے خلاف کارروائی، 4 گرفتار

راولپنڈی پولیس نے شراب سپلائرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان سے مجموعی طور پر 40 لیٹر شراب برآمد کی گئی، اور مقدمات درج کر لیے گئے۔

اشتہاری مجرمان گرفتار

تھانہ بنی پولیس نے دو خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرلیا، جن میں ایک اغواء اور زیادتی کی کوشش جبکہ دوسرا امانت میں خیانت کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں

پولیس نے مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں 12 افراد کو ناجائز اسلحہ رکھنے پر گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 30 بور پستول، خنجر اور ایمونیشن برآمد ہوا۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں: فول پروف سیکورٹی انتظامات، منشیات سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن، اور ملزمان کی گرفتاری

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور پُرامن ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں