جمعه,  18 اپریل 2025ء
روڈن انکلیو کا قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان، ہاکی کو دوبارہ عروج پر پہنچانے کا عزم

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  روڈن انکلیو کے جنرل مینیجر محمد راشد نے قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ ماضی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے عالمی سطح پر شاندار کامیابیاں حاصل کیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہاکی کو دوبارہ اسی مقام پر واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بس ضرورت ہے سنجیدہ اقدامات کی۔

روڈن انکلیو کی جانب سے ہاکی فیڈریشن کی قیادت اور تمام ٹیموں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جائے گی، جس کے بعد ادارہ ہر ممکن تعاون اور اسپانسرشپ فراہم کرے گا۔ روڈن انکلیو قومی ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

روڈن انکلیو کے برینڈ ایمبیسڈر محمد اشتیاق کیانی نے کہا کہ عمان سے آئے ہوئے تمام مہمانوں اور لیجنڈری ہاکی چیمپئنز کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے روڈن انکلیو کو رونق بخشی۔ انہوں نے پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کو بھی خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ روڈن انکلیو سپورٹس کی دنیا میں ہر پلیٹ فارم پر کھڑا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے قومی ہیروز کو کسی بھی قسم کی مشکل پیش آئی تو روڈن انکلیو ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا مجاہد، وائس پریزیڈنٹ شہباز سینیئر، پریزیڈنٹ طارق مسعود بھٹی، محمد آصف باجوا، پنجاب ہاکی فیڈریشن کے پریزیڈنٹ محمود احمد، اسلام آباد ہاکی فیڈریشن کے پریزیڈنٹ سہیل اکرم جنجوعہ اور جنرل سیکرٹری محمد اشتیاق کیانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اشتیاق کیانی نے کہا کہ یہ تمام شخصیات پاکستان ہاکی کے وہ سپر اسٹارز ہیں جنہوں نے ملک کو بڑے اعزازات سے نوازا۔ ان کا ماننا ہے کہ سپورٹس فیڈریشنز کی قیادت انہی لوگوں کے ہاتھ میں ہونی چاہیے جن کا عملی تعلق کھیلوں سے ہو۔

انہوں نے کہا کہ روڈن انکلیو میں ان لیجنڈز کو مدعو کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہاکی کی بھرپور سپورٹ کی جائے اور آنے والے وقت میں پاکستان ہاکی ٹیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتتا ہوا دیکھا جائے۔

مزید پڑھیں: روڈن انکلیو کے جی ایم راشد کی پرموشن پر اسام الحق اور دیگر کی جانب سے خصوصی مبارکباد

اس موقع پر وائس پریزیڈنٹ شہباز سینیئر، آصف باجوا، رانا مجاہد اور طارق بھٹی نے روڈن انکلیو کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے شکریہ ادا کیا۔ ہاکی ٹیم کے کوچ صابر نے کہا کہ وہ ٹیم پر بھرپور محنت کر رہے ہیں اور بہت جلد یہ ٹیم پاکستان کا نام روشن کرے گی۔

عمان کی ٹیم کے مینیجر اور کوچ نے کہا کہ پاکستان آ کر انہیں بہت خوشی ہوئی اور روڈن انکلیو کی جانب سے ملنے والی عزت اور محبت ناقابلِ فراموش ہے۔ وہ اپنے وطن عمان میں پاکستان کی محبت لے کر واپس جائیں گے۔

آخر میں محمد راشد نے اپنے خطاب میں عمانی مہمانوں اور ہاکی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روڈن انکلیو ہاکی کے فروغ کے لیے ہر وقت شانہ بشانہ کھڑا ہے، اور رہے گا۔

مزید خبریں