گجرانوالہ(روشن پاکستان نیوز) ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے سمندر کے راستے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ملوث چار انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں میں کی گئی، جس میں ملزمان کی شناخت بشارت حسین، شاہ زیب عرف سونو، مظہر اقبال اور شاہد رسول کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزمان نے 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ہتھیا کر شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ملزم بشارت حسین نے ایک شہری سے اٹلی بھجوانے کے لیے 60 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ تاہم، ملزم نے شہری کو یونان کی بجائے لیبیا بھیج دیا، جہاں وہ اور اس کے ساتھی شہری کو سیف ہاؤسز میں محصور کر کے تاوان کا مطالبہ کرنے لگے۔ بشارت حسین اور اس کے ساتھیوں نے شہری کو کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر لیبیا سے یونان سمگل کرنے کی کوشش کی، لیکن شہری نے سمندر کے راستے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور پاکستان واپس آ گیا۔
دوسری جانب، ملزم شاہ زیب نے شہریوں کو کینیڈا بھیجنے کے لیے 80 لاکھ روپے فی کس وصول کیے تھے، لیکن اس نے انہیں کینیڈا کی بجائے ایران بھیج دیا، جہاں وہ وہاں محصور ہو گئے اور تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ ملزم مظہر اقبال نے بھی ایک شہری سے کینیڈا ملازمت کے لیے 94 لاکھ روپے ہتھیا لیے، جبکہ ملزم شاہد رسول نے 20 لاکھ روپے سے زائد وصول کر کے شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دیا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی اہم کارروائیاں: مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری
ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ان کی سمگلنگ کی سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔