اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – پاکستان نظریاتی پارٹی (پی این پی) کی جانب سے اہل غزہ سے یکجہتی اور فلسطین کی آزادی کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ سیمینار کا موضوع “آزادی فلسطین” ہوگا اور یہ 10 اپریل بروز جمعرات پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
سیمینار میں مختلف سیاسی رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور شہریوں کی شرکت متوقع ہے، جو فلسطین کی آزادی کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کریں گے۔ اس موقع پر شرکاء غزہ میں جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور عالمی برادری سے مطالبہ کریں گے کہ فلسطینی عوام کو ان کے حقوق دیے جائیں۔
پاکستان نظریاتی پارٹی کے سربراہ شہیر سیالوی نے اس سیمینار کے ذریعے فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرنے اور ان کے حق میں عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ سیمینار کے دوران غزہ کے عوام کی حمایت میں مختلف احتجاجی سرگرمیوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: شہیر حیدر سیالوی کا دہشت گردی کی جڑوں تک پہنچنے کا مطالبہ، سیاسی اتفاق رائے اور یکجہتی کی ضرورت پر زور
شہیر سیالوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فلسطین کی آزادی تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور غزہ میں ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔