راولپنڈی(کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ڈرگ فری پنجاب” کے تحت، سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے لیڈی منشیات سمگلر سمیت 17 منشیات سپلائرز کو گرفتار کیا ہے اور 38 کلو سے زائد چرس برآمد کی ہے۔
گزشتہ دو روز میں پولیس نے 19 منشیات سپلائرز کو گرفتار کرکے 1 من سے زائد چرس برآمد کی ہے۔ نیوٹاؤن پولیس نے 5 کلو چرس، روات پولیس نے 4 کلو 480 گرام چرس، صدر بیرونی پولیس نے 3 کلو 700 گرام چرس، جبکہ پیرودہائی پولیس نے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ “منشیات کی روک تھام اور اس کے نقصانات کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے مساجد میں خطاب اور پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔”
اسی دوران، سول لائنز پولیس نے شراب پی کر غل غپاڑہ کرنے والے ملزم مستاخ الدین کو گرفتار کیا، جس کے پاس سے ایک بوتل شراب اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
صادق آباد پولیس نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم عامر سہیل کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے دسمبر 2022 میں معمولی تلخ کلامی پر چھریوں کے وار سے ایک شخص کو قتل اور تین افراد کو زخمی کیا تھا۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہا کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
آر اے بازار پولیس نے بائیکیا رائیڈرز سے موٹرسائیکل چھیننے والے 2 رکنی گینگ کو گرفتار کیا اور چھینی ہوئی 2 موٹرسائیکلیں اور اسلحہ برآمد کیا۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پشاور: بونیر کے نوجوان کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، منگیتر سمیت دو ملزمان گرفتار
راولپنڈی پولیس نے شہر کے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے بھی موثر انتظامات کیے ہیں، جس میں 450 سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور شراب سپلائرز کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں تین ملزمان گرفتار کیے گئے اور 50 لیٹر شراب اور 34 بوتل شراب برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانون کی گرفت مزید سخت کی جائے گی تاکہ شہر میں امن و سکون برقرار رکھا جا سکے۔