ریاض (روشن پاکستان نیوز) سابق امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مضبوط ہوگا تو امت مسلمہ مضبوط ہوگی اور پاکستان تمام طرح کے چیلنجز سے نکل رہا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے
سعودی دارالحکومت ریاض میں مجلسِ پاکستان کی جانب سے منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی بڑی تعداد سے اظہار خیال کرتے ہوئے سابق امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے یہاں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی کام کر رہے ہیں جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ترین ملک ہے جس کی مضبوطی امت مسلمہ کی مضبوطی ہے اس لیے ہمیں ملکر پاکستان کو ہر لحاظ سے پائیدار اور مستحکم بنانا ہوگا۔
سراج الحق نے ملکی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بہتری کی جانب گامزن ہے دہشتگردی عارضی ہے جس سے ہماری محافظ فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز نبرد آزما ہیں اور پاکستان درخشاں دور میں داخل ہورہا ہے۔
تقریب سے مجلسِ پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے میں ہر طبقے کو آگے بڑھ کر ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔
تقریب سے مجلسِ پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ سید ثاقب زبیر، میاں عبدالحامد، نسیم پاشا اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی قیادت کی جانب سے یومِ پاکستان کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار