حافظ آباد(شوکت علی وٹو)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی،نکاسی آب اور دیگر کاموں کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اشفا ق احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے پنڈی بھٹیاں کے دورہ کے موقع پر لاہور روڈ، مصطفیٰ روڈ، حسن پورہ،جہانگیر پورہ اور اس سے ملحقہ گلی،محلوں و علاقوں کا دورہ کر تے ہوئے وہاں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ایم سی افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں، گلی، محلوں کی صفائی ستھرائی کی صورتحال کو فوری بہتر بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ نالیوں کی صفائی اور نکاسی آب کا بھی بہتر بندوبست کیا جائے۔انکاکہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری اور دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جا رہا ہے لیکن بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال معیار کے مطابق نہیں اس لیے ایسے علاقوں میں سینٹری ورکرز کی خصوصی ٹیمیں لگا کر وہاں نکاسی آب، گلی،محلوں اور نالیوں کی صفائی کو بہتر بنایا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایم سی افسران کومزید ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شہرکے اہم چوک چوراہوں، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات پر زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے اور ان علاقوں کی بیوٹی فیکیشن کا کام بھی کیا جائے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے رمضان سہولت بازار حافظ آباد کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی، آٹا، سبزیاں،کریانہ اور دیگر اشیائے خوردونوش کے سٹالز کا دورہ کر تے ہوئے وہاں اشیائے خوردونوش کی وافر دستیابی قیمتوں اور کوالٹی کا بھی جائزہ لیا
