پاکستان سب سے پہلے کا نعرہ لگا کر ہم دنیا کے ساتھ ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکتے ہیں، سید قمر رضا
پاکستان سب سے پہلے کا نعرہ لگا کر ہم دنیا کے ساتھ ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکتے ہیں، سید قمر رضا

لندن (روشن پاکستان نیوز) ممتاز برٹش پاکستانی بزنس مین اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین سید قمر رضا نے کہا کہ “پاکستان سب سے پہلے” کا نعرہ لگا کر ہم دنیا کے ساتھ ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں پاکستان میں ترقی کے دروازے کھل چکے ہیں، امن و امان اور اعتماد کی فضا قائم ہو چکی ہے، اور سرمایہ کاروں کے لیے نت نئے منصوبے موجود ہیں۔ سید قمر رضا نے کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور ہمیں اپنے ملک کو مضبوط بنانے میں حصہ لینا چاہیے۔

سید قمر رضا نے اپنے کیریئر میں متعدد اہم عہدوں پر کام کیا ہے، ان میں 2013 میں بورڈ آف گورننس فار اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے ممبر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات شامل ہیں۔ وہ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (یوکے پی سی سی آئی) کے صدر بھی رہ چکے ہیں اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، اور ان کی ترسیلات زر نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ انہوں نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنے نئے کردار میں، وہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے اور اس کے لیے حکومت پاکستان مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

سید قمر رضا نے یہ بھی کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے تمام وسائل کو یکجا کر کے پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضہ: ایک سنگین مسئلہ اور حکومتی ناکامی

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اہمیت دیتی ہے اور ان کی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ سید قمر رضا نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مفادات کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کا عہد کیا اور کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ حکومت پاکستان اپنے سمندر پار شہریوں کے ساتھ مشاورت کرے اور ان کے مفادات کا تحفظ کرے۔

یہ خطاب اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک اہم پیغام تھا جس میں ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا گیا اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

مزید خبریں