پاک افغان طورخم تجارتی گزرگاہ 25 روز بند رہنے کے بعد کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان اور افغانستان کی طورخم تجارتی گزرگاہ آج 25 روز بعد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی جرگہ سربراہ جواد حسین کاظمی کا کہنا ہے کہ طورخم سرحد پر متنازع تعمیر کے خاتمے پر افغان حکام رضامند ہو گئے ہیں۔

جواد حسین کاظمی نے بتایا کہ بدھ کی صبح 9 بجے طورخم سرحد پرفلیگ میٹنگ کا انعقاد کیاجائےگا، فلیگ میٹنگ کے بعد تجارتی گزرگاہ کھول دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جے سی سی اجلاس تک فائربندی رہے گی۔پاکستانی سکیورٹی حکام نے بھی افغان حکام کے فیصلے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک افغان فورسز میں کشیدگی برقرار ، طورخم سرحد دوسرے روز بھی بند

واضح رہے کہ تین ہفتوں سے زائد عرصے قبل طورخم سرحد کے متصل افغان فورسز کی طرف سے تعمیرات پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور کشیدگی کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ ہرقسم آمدورفت کےلیے بند کردی گئی تھی۔

کسٹم حکام کے مطابق پاک افغان طورخم تجارتی گزرگاہ بند ہونے سے یومیہ 30 لاکھ ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔

طورخم بارڈر کی بندش کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان سالانہ تجارتی حجم اڑھائی ارب ڈالر سے کم ہو کر ڈیڑھ ارب ڈالر تک آگیا۔

مزید خبریں