منگل,  18 مارچ 2025ء
دنیا کے طویل القامت افراد میں شامل پاکستانی نصیر سومرو انتقال کر گئے

کراچی(روشن پاکستان نیوز) دنیا کے طویل القامت افراد میں شمار ہونے والے پاکستانی نصیر سومرو انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور سانس کی تکلیف اور جوڑوں کے درد میں مبتلا تھے۔ ان کی عمر 56 سال تھی۔

نصیر سومرو سات فٹ نو انچ قد کے حامل تھے اور پاکستان کے دراز قد افراد میں شمار کیے جاتے تھے۔ ان کی طویل القامتی نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ اس سے قبل پاکستانی عالم چنا طویل القامت ہونے کا اعزاز رکھتے تھے، تاہم ان کے انتقال کے بعد نصیر سومرو نے اس اعزاز کو اپنے نام کیا تھا۔ بعد ازاں، یہ اعزاز ملتان کے ضیا رشید کے حصے میں آیا، جو آٹھ فٹ قد کے حامل ہیں۔

نصیر سومرو کا تعلق سندھ کے ضلع شکارپور سے تھا، تاہم وہ کراچی میں مقیم تھے اور قومی ہوا بازی ادارے پی آئی اے میں ملازمت کرتے تھے۔ ان کی شخصیت اور قد کاٹھ کی وجہ سے وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہوئے تھے۔

ماضی میں نصیر سومرو اپنی بیماری کی وجہ سے جعلی خبروں کا شکار بھی ہو چکے تھے۔ مئی 2019 میں سوشل میڈیا پر ان کی موت کی افواہیں گردش کرتی رہیں، لیکن بعد میں فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

نصیر سومرو کی وفات پر ان کے اہل خانہ، دوستوں اور چاہنے والوں میں گہرا دکھ اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے انتقال پر پاکستان اور دنیا بھر کے لوگ سوگوار ہیں۔

مزید خبریں