راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں اغوا، قتل، منشیات فروشوں، سٹریٹ کرائم اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔
روات پولیس کی کارروائی: اغوا کے بعد قتل کرنے والے تین اشتہاری گرفتار
روات پولیس نے شہری کو اغوا کر کے قتل کرنے والے تین اشتہاری مجرمان بلال، امیر خان اور اسماعیل کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے لین دین کے تنازعے پر مقدر خان کو اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ اکتوبر 2024 میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے ہیومین انٹیلیجنس سمیت تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا اور قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
کہوٹہ پولیس کی کامیاب تفتیش: شکار کے دوران قتل کا سراغ
کہوٹہ پولیس نے بہترین تفتیش کے ذریعے جنگل میں شکار کے دوران اچانک گولی لگ کر جاں بحق ہونے والے شخص کے قتل کا سراغ لگا لیا۔ ملزم ثاقب کو گرفتار کر لیا گیا، اور ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
راولپنڈی پولیس کی گرجا گھروں کی سیکورٹی کے لئے اقدامات
راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سیکورٹی کے لئے 450 سے زائد افسران و جوانوں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا۔ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی خصوصی ٹیمیں گشت کر رہی ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی: 6 ملزمان گرفتار، 8 کلو سے زائد منشیات برآمد
صادق آباد پولیس نے فیصل سے 250 گرام آئس اور 110 گرام ہیروئن برآمد کی، پیرودہائی پولیس نے عمیر سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کی، جبکہ دیگر تھانوں نے بھی منشیات کے مختلف مقدمات میں ملزمان کو گرفتار کر کے 8 کلو سے زائد منشیات برآمد کیں۔ پولیس نے ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
ویسٹریج پولیس کی فوری کارروائی: 10 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے والا ملزم گرفتار
ویسٹریج پولیس نے 10 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے والے دوکاندار جہانگیر کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور اس جیسے ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: تھانہ ونیکی تارڑ پولیس کی کاروائی: 5 سال سے مطلوب اشتہاری اسلحہ سمیت گرفتار، ناجائز اسلحہ برآمد
آراے بازار پولیس کی کارروائی: سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار
آراے بازار پولیس نے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 02 ملزمان شہریار اور سرفراز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مسروقہ رقم 33 ہزار روپے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کیا۔
پیرودہائی پولیس کی کارروائی: چوری کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار
پیرودہائی پولیس نے چوری کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم حبیب اللہ کو گرفتار کر لیا۔ یہ مجرم 2021 سے پولیس کو مطلوب تھا۔
راولپنڈی پولیس کی ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے پستول، ایمونیشن اور خنجر برآمد کیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور قانون شکن عناصر کو سختی سے پکڑنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔