اتوار,  09 مارچ 2025ء
لندن: نوجوان بگ بین ٹاور پر فلسطینی پرچم لیکر چڑھ گیا
لندن: نوجوان بگ بین ٹاور پر فلسطینی پرچم لیکر چڑھ گیا

لندن(روشن پاکستان نیوز) لندن میں نوجوان مشہور بگ بین ٹاور پر فلسطینی پرچم لے کر چڑھ گیا، فلسطینی پرچم لہراتے نوجوان نے فلسطین آزاد کروانے کے نعرے بھی لگائے۔

عالمی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننگے پاؤں ایک شخص الزبتھ ٹاور پر کئی میٹر اوپر کنارے پر کھڑے ہیں، انہوں نے فلسطین کا پرچم تھام رکھا ہے، اسی ٹاور میں بگ بین بھی نصب ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ اور ویسٹ منسٹر پیلس کے نزدیک واقع بگ بین ٹاور کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئیں، پولیس، فائر بریگیڈ اورایمبولینس کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنگامی سروسز کی کم از کم 9 گاڑیاں برج اسٹریٹ، سینٹرل لندن میں قطار میں کھڑی تھیں جب کہ عوام پولیس کے قائم کردہ گھیرے کی دوسری طرف سے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔

مذکورہ شخص تین گھنٹے سے زیادہ وقت سے وہاں احتجاج کر رہا تھا، وہ مبینہ طور پر فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور برطانیہ میں احتجاج مخالف قوانین میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہا تھا ۔

فلسطین میں امن کے حامی فلسطینی پرچم لے کر پارلیمنٹ کے اطراف پہنچ گئے، جس کے بعد پارلیمنٹ کے اطراف کے راستے پولیس نے بند کردیے، راستے بند ہونے سے سیاحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فورسز کی شمالی غزہ اور خان یونس میں بمباری، 5 فلسطینی شہید

رپورٹ کے مطابق ہفتے کو صبح 10 بجے 3 ہنگامی اہلکاروں کو فائربریگیڈ کی کرین کی مدد سے کئی میٹر تک فضا میں اٹھایا گیا، ایک اہلکار نے میگا فون کے ذریعے کنارے پر کھڑے شخص کے ساتھ بات کرنے کی بھی کوشش کی۔

پولیس نے تصدیق کی کہ برج اسٹریٹ جو ویسٹ منسٹر پل کے شمالی سرے پر واقع ہے، واقعے سے نمٹنے کے لیے بند کر دی گئی تاکہ ہنگامی سروسز کے اہلکار صورت حال سے نمٹ سکیں۔

یہ بھی معلوم ہوا کہ ویسٹ منسٹر میں زیر زمین ریلوے اسٹیشن کا ایک خارجی راستہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا تاہم ریل سروسز متاثر نہیں ہوئیں اور مسافر دوسرے راستے استعمال کر سکتے تھے۔

لندن فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ فائر فائٹرز، میٹروپولیٹن پولیس سروس کے ساتھ مل کر ویسٹ منسٹر پیلس پر چڑھنے والے شخص کی اطلاع پر کارروائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لیمبتھ، چیلسی، سوہو اور آئزلنگٹن کے فائر اسٹیشنز سے عملہ واقعے کے مقام پر تعینات کیا گیا۔

مزید خبریں