منگل,  04 مارچ 2025ء
حافظ آباد: رمضان سہولت بازاروں میں سستی اشیاء کی فراہمی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائیاں

حافظ آباد (شوکت علی وٹو)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے کہا ہے کہ وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر رمضان المبارک میں سستی اشیاء کی فراہمی کے لیے رمضان سہولت بازاروں کا قیام عوامی ریلیف کی جانب سے ایک انتہائی اچھا اقدام ہے۔رمضان بازاروں میں جہاں روز مرہ استعمال کی اشیاء عام مارکیٹ کی نسبت سستے داموں دستیاب ہیں تو وہی 10کلو گرام آٹے کا تھیلہ 820روپے جبکہ چینی 130روپے کلو فرو خت کی جا رہی ہے۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد رمضان سہولت بازار سے اپنی خریداری میں مصروف ہیں۔ڈپٹی کمشنرکاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر رمضان سہولت بازار میں شہریوں کے لیے پھل، سبزیاں،کریانہ، کھجور، گوشت، انڈے، آٹا، چینی سمیت دیگر اشیاء کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے اور صبح سے شام تک تمام سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی ایک بڑی مقدار موجو د ہو تی ہے جہاں سے لوگ اپنے اپنے استعمال کی چیزوں کی خریداری کر رہے ہیں۔رمضان سہولت بازار میں سینئر سٹیزن کے لیے الگ سے کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ شکایات کے اندراج اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے میڈیکل کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ انکاکہنا تھا کہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں اور مہنگے داموں اشیائے خوردونوش فرو خت کرنے والوں کے ساتھ کاروائیاں سخت کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے دوکانداروں اور تاجروں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جارہی ہیں تا کہ کوئی بھی دوکاندار رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کے ذریعے اپنی مرضی کے ریٹ مقررکر کے چیزیں فروخت نہ کر سکے۔ انکاکہنا تھا کہ عام مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت کویقینی بنانے کے لیے دوکانوں پر ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں کی گئی ہیں اور انکے ساتھ ساتھ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں، بازاروں کے دورے کر کے وہاں اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فروخت کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور اگر کوئی دوکاندار مہنگے داموں اشیائے خوردونوش کی فروخت میں ملوث ہو تو انہیں بھاری جرمانے اور انکے خلاف سخت کاروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں