سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ
سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں
پاکستان اور چین کی دوستی تو ضرب المثل ہے
ترکی ہمارا بہترین دوست ہے لیکن اس دوستی کا یک طرفہ فائدہ ہمیشہ پاکستان نے اٹھایا ہے
کاش ہم بھی اس قابل ہوں کہ دوستی نبھا سکیں اور لینے والے ہاتھ کی بجائے دینے والا ہاتھ بن جائیں
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے مستحق کمیونٹیز میں 30,000 فوڈ پیکجز کی تقسیم مکمل ہو گئی ہے
خبر یہ ہے کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے پاکستان کے 28 اضلاع میں 30,000 فوڈ پیکجز کی کامیاب تقسیم کا عمل مکمل کر لیا ہے تاکہ ضرورت مند کمیونٹیز کی مدد کی جا سکے۔
اس پہلے مرحلے کی تقسیم کا مقصد ان ہزاروں افراد کی معاونت کرنا ہے جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے، جس میں 80 کلوگرام آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلوگرام چینی، اور 5 کلوگرام چنے شامل ہیں۔ تقسیم کا عمل کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی میں شفافیت کے ساتھ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، ضلعی انتظامیہ، حیات فاؤنڈیشن، اور پیس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے ساتھ تعاون انجام دیا گیا تاکہ مستحقین کی مدد ہو سکے
یہ اقدام پاکستان میں غذائی عدم تحفظ کو کم کرنے اور مستحق گھرانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے عزم کا اظہار ہے حالانکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ایک زرعی ملک میں غذائی قلت کا ہونا ایک سوالیہ نشان ہے
جب تک سعودی عرب، ترکی، چین ہمیں امداد دیتے رہیں گے ہم ان کے آگے ہاتھ پھیلاتے رہیں گے
اگر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے تو ہمارے دوست برادر ممالک کا یہ عزم ہونا چاہیے کہ وہ پاکستان کو کسی بھی طرح کی امداد دینے سے ہاتھ کھینچ لیں تاکہ ہم بہ امر مجبوری اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش تو کریں
بہرحال ہم جب تک کسی کو کھانا یا پیسے کی امداد دیتے رہیں گے وہ غربت کی لکیر سے اوپر نہیں اٹھ پائے گا اور مانگ کر کھانے کو اپنا حق سمجھتا رہے گا ۔
پاکستانی قوم سعودی عرب کی کنگ سلمان فاؤنڈیشن کی مشکور ہے