جمعرات,  27 فروری 2025ء
غیرقانونی تعمیرات کے خلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی بڑی مہم، ایف آئی آر درج کرنے اور کارروائی کی ہدایت

کراچی (میاں خرم شہزاد) ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو نے کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف منظم پلان کے تحت مہم چلائی جائے گی. رہائشی پلاٹس پر غیرقانونی اضافی منزلوں، پورشن، زیرتعمیر پروجیکٹس اور شہر کی پرانی کمرشل و رہائشی کثیرالامنزلہ عمارتوں میں تعمیراتی اصولوں کی خلاف ورزیوں کاخاتمہ کیاجائے گا. فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایت، غیرقانونی تعمیرات کے انہدام سمیت ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی. عوامی شکایات پر فوری ردعمل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ غیرقانونی تعمیرات زیرتعمیر ہوں یا گزشتہ تین برس پرانی ہوں سب کے خلاف ایکشن ہوگا. ایسے تمام پبلک سیل نئے اور پرانے پروجیکٹس اور رہائشی و کمرشل پلازہ جہاں کٹ لائین پر غیرقانونی متجاوز تعمیرات، ہنگامی حادثی انخلاء کے راستے، فائرسیفٹی آلات کی تنصیب اور کار پارکنگ کے استعمال کی خلاف ورزی کی گئی ہو بشمول ایسے رہائشی پلاٹس جنہیں غیرقانونی طور پر مختلف نوعیت کے کاروباری و تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کیاجا رہاہ ہو ایسی تمام تعمیراتی بے قاعدگیوں کے خلاف “ایس بی سی اے” کی نتیجہ خیز کارروائی کرے گی. کٹ لائین پر تعمیرات، کارپارکنگ اور ہنگامی انخلاء کی خلاف ورزی کے زمرے میں پروجیکٹ کی این او سی برائے تشہیر فروخت کی منسوخی اور قانونی بلڈنگ پلان کے مطابق ان تمام تعمیراتی سنگینوں کا خاتمہ کرکے شہری حقوق و سہولیات کی بحالی اور اجتماعی مفادات کاتحفظ یقینی جائے گا۔ ڈی جی ایس بی سی اے محمداسحاق کھوڑو نے کہا کہ اب جو بھی غیرقانونی تعمیرات ہوگی اس میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ افسر کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کروائی جائے گی. غیرقانونی تعمیرات رہائشی پلاٹس پر ہو یا پروجیکٹس پر ہو اسے نہ روکنے کی ذمہ داری علاقے کے ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرپر عائد ہوگی جبکہ غیرقانونی تعمیرات اور انہدامی عمل سے متعلق ویجیلنس سیکشن کی رپورٹس میں تاخیر و خامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی. ہر ایک اپنی ذمہ داری کا جوابدہ ہوگا. کسی بھی بدعملی میں ملوث افسر و اہلکار کو سخت محکمہ جاتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے ضلع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ غیرقانونی تعمیرات کے حوالے سے عدالتی پیشیوں پرلازم اور وقت مقررہ پر حاضرہوں. معزز عدالت کے احکامات کی تعمیل میں فوری کارروائی یقینی بنایاجائے بصورت دیگر ادارے کی جانب سے کوئی رعایت نہیں ہوگی. انہوں نے مزید کہا کہ کمپلینٹ پورٹل پر موصلہ شکایات کا سختی سے نوٹس لیاجائے گا اور ایک ہفتے کے اندرکارروائی کو یقینی بناکر شکایت کا تدارک کیاجائے گا۔ ڈائریکٹرجنرل نے اجلاس میں شریک تمام افسران کو ہدایت دی کے فوری طور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بڑے آپریشن کلین اپ کی تیاری مکمل کی جائیں اس سلسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز رہائشی پلاٹس پر غیرقانونی تعمیرات، استعمال اراضی کی خلاف ورزی اور پروجیکٹس میں کٹ لائین پرتعمیرات، کارپارکنگ اور ہنگامی انخلاء کی خلاف ورزی میں شامل تمام فہرستیں مرتب کرکے پیش کریں۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ کراچی اور سندھ میں کن جگہوں پر بڑی اسکرین پر دکھایا جائے گا؟

مزید خبریں