اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرین میں عظیم الشان استحکام پاکستان گوجر کنونشن و گوجر یوتھ فورم کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر سردار گوجر قوم، سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال، جو کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان ہیں، نے شرکت کی۔
سردار گوجر قوم نے گوجر یوتھ فورم راولپنڈی ڈویژن سمیت آزاد جموں کشمیر کی نو منتخب مرکزی اور ضلعی باڈیوں سے حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ “ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اس لیے ہم سب کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ہماری قوم کا کوئی تعصب نہیں ہے، بلکہ ہم اپنی قوم کو متحد اور منظم کرکے اپنی نوجوان نسل کو وطن عزیز کی سالمیت اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا چاہتے ہیں۔”
سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے گوجر قوم کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر استحکام پاکستان تک گوجر قوم کے سپوتوں نے قابل فخر کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ انہوں نے چوہدری رحمت علی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی تھے جنہوں نے 1915 میں بزم شبلی کا قیام عمل میں لا کر پاکستان کے نظریے کی بنیاد رکھی اور اس عظیم ملک کو “پاکستان” کا نام اور نقشہ فراہم کیا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی قومی اعزاز کے ساتھ وطن عزیز لایا جائے، کیونکہ وہ پاکستان کے بانیوں میں سے ہیں اور ان کا کردار کسی ایک قوم یا قبیلے تک محدود نہیں تھا، بلکہ وہ ایک سچے اور محب وطن پاکستانی تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی پریس کلب کا پیکا ایکٹ کے خلاف یکم مارچ کو آزادی کنونشن منعقد کرنے کا اعلان
کنونشن میں ممبر قومی اسمبلی سردار محمد یوسف، سابق وفاقی وزیر، بیرسٹر عقیل ملک، مشیر برائے قانونی امور، چوہدری رشید وزیر حکومت آزاد کشمیر، فیاض الحسن چوہان سابق صوبائی وزیر، چوہدری نعیم علی ایڈوکیٹ صدر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن، فرزند حویلی چوہدری محسن عزیز، چوہدری عامر نذیر، مولانا عبدالمجید ہزاروی، چوہدری طارق جاوید ایڈوکیٹ، چوہدری نسیم ایڈوکیٹ، چوہدری شہزاد گوجر، چوہدری کامران یونس، چوہدری نمیر کھٹانہ، کرنل میاں محمد اکرم، چوہدری سفیر کاندل، چوہدری ناصف محمود گورو اور دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
یہ تقریب گوجر قوم کے عزم، اتحاد اور پاکستان کے استحکام کے لیے ان کے مثالی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔