اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز ) اپوزیشن اتحاد نے کل اسلام آباد میں کانفرنس کے حوالے سے اہم اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ کل اسلام آباد میں ہر صورت کانفرنس ہو گی ۔محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر ہنگامی اجلاس کےبعد رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
” پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائیں گے۔سہمی اور ڈری ہوئی حکومت جو چاہے کرے، ہم کانفرنس ضرور کریں گے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک میں آئین کی بالادستی قائم کرنا ہے۔ ملک میں ایسی حکومت ہے جو عوام کی نمائندہ نہیں ہے، ملک میں ناجائزحکومت ہے جو آئین کے نام سے گھبراتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہے ہیں، کل کانفرنس ہوگی جس میں آئین اور معیشت کی بات ہوگی۔ملک بھر کے سیاسی قائدین اور دانشوروں کو کانفرنس میں آنا تھا۔ کل کانفرنس ہر صورت میں اور ہرحال میں ہوگی۔
اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہاکہ ہم ان قوتوں کے باغی ہیں جو ملک کو کرپشن اور مار دھاڑ سے چلاتے ہیں، ہم گلی گلی میں ان ناجائز حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔ اس ناجائز اسمبلی کو نہیں مانتے، اگر یہی انداز رہا تو اپنی اسمبلی لگائیں گے۔
مزید پڑھیں: حکومت ختم ہوئی تو سب سے زیادہ نقصان ن لیگ کاہوگا،گورنر پنجاب
اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارے بڑوں نے بنایا، انہی کی اولادیں ملک کو محفوظ کریں گی۔آپ ملک میں جمہور اور انسانی حقوق کی آوازوں کو بند نہیں کرسکتے۔ بارش ہو یا طوفان، یہ قومی کانفرنس ہوگی۔