راولپنڈی (کرائم رپورٹر) چمپئینز ٹرافی 2025 کے دوسرے میچ کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی کے لیے راولپنڈی پولیس نے 5000 سے زائد افسران کو تعینات کیا ہے۔ پولیس افسران سمیت 350 ٹریفک پولیس کے افسران بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز اور چیف ٹریفک آفیسر فیلڈ میں موجود ہو کر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ کے لیے شٹل سروس فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ سٹیڈیم تک پہنچ سکیں۔ سٹیڈیم کے اطراف اور گردونواح میں ماہر نشانہ باز اور پولیس فورس گشت کر رہی ہے۔ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر بھر کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے شائقین کی واک تھرو گیٹ اور مکمل باڈی سرچ کے بعد اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ کوئی بھی ممنوعہ چیز جیسے پاور بینک، کھانے پینے کی اشیاء، ہینڈ فری وغیرہ ساتھ نہیں لے جا سکتے۔
گوجرخان پولیس کی کارروائی
گوجرخان پولیس نے قتل و اقدام قتل کے مقدمہ میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان احسن اور حارث نے گلی پختہ کرنے کے تنازعہ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ارشد محمود قتل ہوگیا اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ دسمبر 2024 میں تھانہ گوجرخان میں درج کیا گیا تھا۔
منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ پیرودہائی پولیس نے 4 کلو 800 گرام چرس برآمد کی، ٹیکسلا پولیس نے 1 کلو 650 گرام چرس اور رتہ امرال پولیس نے 520 گرام چرس برآمد کی ہے۔ ملزمان کو عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
صدر واہ میں دوہرے قتل کی واردات
صدر واہ میں دوہرے قتل کی واردات پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ پولیس نے رائیت گل نامی ملزم کو گرفتار کر لیا، جس نے اپنی ہمشیرہ اور ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ ملزم کو شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان گرفتار
ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ پانچ ملزمان گرفتار کر کے ان سے مختلف پستول اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ ان ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔