اتوار,  23 فروری 2025ء
کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کا بھٹائی کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، ٹریفک کی روانی بحال

کراچی(میاں خرم شہزاد)ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ کنٹونمنٹ بورڈ کراچی کی ہدایت پر کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے بھٹائی کالونی اور گردو نواح میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز ہوگیا۔مذکورہ تجاوزات سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر تھی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک فیصل منیر وٹو تجاوزات کے خلاف آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کررہے ہیں۔آپریشن کے پہلے روز کارروائی کے دوران درجنوں تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا اورٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کرنے والے تجاوزاتی سامان کو ضبط کرلیا گیا۔ اس موقع پر انفورسمنٹ ٹیم کے انچارج کامران خان نے بتایا کہ لوگوں کو نوٹسز دینے کے باوجود تجاوزات نہیں ہٹائی گئیں جس کے بعد مذکورہ آپریشن شروع کیا گیا اب ہماری انفورسمنٹ ٹیم روزمرہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے کاروائیاں کرتی رہے گی۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک فیصل منیر وٹو کا کہنا ہے کہ عوام کے لئے پریشانی کا باعث بننے والی تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بھٹائی کالونی کی عوام سے بھی اپیل کی کہ علاقے کی بہتری کے لئے ہمارا ساتھ دیں اور اسے صاف ستھرا اور مثالی ایریا بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں: کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کی قیادت میں ٹریفک پولیس اور میڈیا کی رسمی ملاقات، مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور

مزید خبریں