پشاور (روشن پاکستان نیوز) صوبائی وزیر بلدیات خیبر پختونخوا ارشد ایوب خان کے زیر صدارت ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایولویشن ایجنسی (ایٹا) میں جدید اصلاحات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس محکمہ بلدیات کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایٹا عادل سعید اور ایٹا کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایٹا نے صوبائی وزراء کو ایٹا میں کمپیوٹر بیس ٹیسٹنگ، کمپیوٹرائز امتحانی پیپر کی تیاری، اُمیدواروں سے ٹیسٹ لینے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال، ایٹا کے تمام امور کو جدید تقاضوں کے مطابق کرنے اور سسٹم کی سولرائزیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے ایٹا میں کیے گئے جدید اصلاحات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ آگے بھی اسی طرح اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری، نیم سرکاری اور دیگر تمام اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر اُمیدواروں کا انتخاب کرے گا جس سے قابل اور ذہین افراد اداروں میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹا کو مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ دیگر پرائیوٹ ٹیسٹنگ ایجنسیوں سے چٹکارا حاصل کیا جا سکے۔
ارشد ایوب خان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں میرٹ کو فروغ دینے اور مقابلے کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے ایٹا کو ہر پلیٹ فارم پر صوبائی حکومت سے مدد فراہم کی جائے گی تاکہ یہ ادارہ مزید جدید خطوط پر استوار ہو سکے اور قابل، ذہین اور ہونہار افراد آگے آ سکیں اور حقدار کو اس کا حق صحیح معنوں میں مل سکے۔
مزید پڑھیں: پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں گاڑی پر فائرنگ ، 5 افراد جاں بحق