اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): اسری یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے النفیس میڈیکل کالج میں 8 واں کانووکیشن منعقد ہوا، جس میں 250 طلباء و طالبات کو مختلف پروگرامز میں ڈگریاں دی گئیں۔ اس اہم موقع پر اسری یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں آج انتہائی خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ مزید ایک سال کے طلباء و طالبات اسری یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس سے فارغ التحصیل ہو کر دنیا کے مختلف میدانوں میں کامیابی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی نے مزید کہا کہ “میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ اسی لگن اور محنت سے اپنی یونیورسٹی اساتذہ اور اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔” انہوں نے اس موقع پر طلباء کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنے بچوں کی تعلیم کے لئے وسائل فراہم کیے اور ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے اس بات پر زور دیا کہ “اچھی اور معیاری تعلیم ہی سے اچھی قومیں بنتی ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اسری یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء آج دنیا کے مختلف ممالک میں جا کر اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی ان کے کیریئر اور ذاتی زندگیوں میں کامیاب ہونے کے لیے ہر ممکن معاونت اور رہنمائی فراہم کرے گی۔
تقریب میں شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے بھی دیے گئے۔ اسری یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس موقع پر فاؤنڈیشن کے ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی مدد سے یونیورسٹی نے اپنے تعلیمی سفر کو عالمی سطح تک پہنچایا۔
تقریب کے اختتام پر فیکلٹی گریجویٹس اور ان کے اہل خانہ نے اس اہم موقع پر ایک دوسرے کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا، اور یہ تقریب اسری یونیورسٹی اور طلباء کے لیے ایک یادگار سنگ میل ثابت ہوئی۔
مزید پڑھیں: 19 بچوں کی ماں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا