هفته,  22 فروری 2025ء
راولپنڈی: پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد ملزمان گرفتار

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گزشتہ رات اس کریک ڈاؤن کے دوران 19 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جن سے سینکڑوں پتنگیں اور ڈوریں برآمد ہوئیں۔ گرفتار ہونے والے افراد میں سے 8 تھانہ وارث خان، 6 تھانہ صادق آباد، 3 تھانہ رتہ امرال اور 2 تھانہ بنی سے تھے۔ پولیس نے بلند عمارتوں سے مانیٹرنگ کرتے ہوئے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔

سی پی او کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی ایک قابل تعزیر جرم ہے اور اس کی سزا 3 سے 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہے۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے روکے، کیونکہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں گلی محلوں میں گشت اور مساجد سے اعلانات کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے تاکہ شہریوں میں آگاہی پھیلائی جا سکے۔

ایس ایس پی آپریشنز کا شہریوں کی مشکلات کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے فوری طور پر متعلقہ افسران کو ان مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وارث خان پولیس کی کامیاب کارروائی، بائیک لفٹر گینگ گرفتار

وارث خان پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 2 رکنی بائیک لفٹر گینگ کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 6 مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا۔ گرفتار ملزمان اسامہ اور مطیع اللہ ہیں، جن کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

آراے بازار پولیس کی کارروائی، 2 رکنی موٹر سائیکل چوری گینگ گرفتار

آراے بازار پولیس نے بھی موٹر سائیکل چوری میں ملوث 2 رکنی گینگ کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 4 مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں اور ان کو عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

راولپنڈی پولیس کی منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں

راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ ٹیکسلا پولیس نے 1 کلو 260 گرام چرس برآمد کی، مورگاہ پولیس نے 5 لیٹر شراب ضبط کی، جبکہ ائیرپورٹ پولیس نے 1 پستول 30 بور معہ ایمونیشن اور صدر واہ پولیس نے 1 پستول 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کیا۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف جاری کارروائیوں میں متعدد ملزمان گرفتار

پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا عزم

ڈویژنل ایس پیز کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں