هفته,  22 فروری 2025ء
راولپنڈی: ریلوے کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی، مطالبات نہ ماننے پر دھرنے کا اعلان

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) – ریلوے پریم یونین (سی بی اے) کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا ہے کہ ریلوے کی نجکاری کسی صورت بھی نہیں ہونے دیں گے اور لیو ان کیشمنٹ اور دیگر پنشن اصلاحات میں جو کٹ لگایا جا رہا ہے، اسے بھی واپس کرایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ حکمران نجکاری پر زور دے رہے ہیں تاکہ وہ ریلوے کی زمینوں سمیت اپنے فائدے کے لیے اس کو پرائیویٹ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے اور ایک لاکھ سے زائد ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ ریلوے ہے۔ ہم ریلوے کی پرائیویٹائزیشن اور کمپنی میں تبدیل ہونے کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی قبول نہیں اور حکمرانوں سے درخواست کی کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور ریلوے کی نجکاری، پینشن اصلاحات اور دیگر مراعات کو فوری طور پر واپس کریں جو وہ چھین رہے ہیں۔ ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ ریلوے کے ہزاروں مزدوروں کا رزق وابستہ ہے اور ہم کسی صورت بھی نجکاری یا پرائیویٹائزیشن نہیں ہونے دیں گے۔

مزید پڑھیں: شاہی قلعہ میں چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب،لائٹ شو اور آتش بازی کا شاندارمظاہرہ

اس موقع پر ریلوے اسٹیشن سے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کے لیے ایک بڑا جلوس روانہ ہوا، جس کی قیادت ڈاکٹر اشتیاق عرفان، سید ظہور شاہ، نفیس خان، شکور عباسی، مہتاب خان، عبدالرحمن غلام مصطفیٰ، ظہیر خان، رستم بھائی، عابد خان، داد، سید عثمان علی، ذوالفقار شاہ، مصروف حسین، راجہ شوکت، یونس جٹ، مبارک حسین اور سینکڑوں دیگر ریلوے مزدوروں نے کی۔

ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے، دھرنا جاری رہے گا اور احتجاج کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک حکومت ان مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی۔

مزید خبریں