هفته,  22 فروری 2025ء
اسلام آباد: پولی کلینک اسپتال کے سامنے ایک خاتون کی غریب بائیکیا رائیڈر کے ساتھ زیادتی، ظلم کی انتہا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال کے سامنے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے اپنی گاڑی سے موٹرسائیکل پر کام کرنے والے غریب بائیکیا رائیڈر کو ٹکر مار دی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب خاتون اپنی تیز رفتار گاڑی سے بائیکیا رائیڈر کو ٹکرا کر بلاوجہ غصے میں آ گئی۔

حادثے کے بعد جب بائیکیا رائیڈر نےمعذرت کی کوشش کی، تو خاتون نے نہ صرف اس کا مذاق اُڑایا بلکہ اُلٹا اسے مارنا شروع کر دیا اور ساتھ ہی ساتھ غلیظ گالیاں بھی دینے لگیں۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں خاتون کی جانب سے غریب نوجوان کو بے تحاشہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بدزبانی کی جا رہی تھی۔

یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ ہمارے معاشرے میں بعض افراد کے لیے قانون اور اخلاقیات کی کوئی اہمیت نہیں۔ اشرافیہ اپنے طاقت اور دولت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غریبوں پر ظلم و ستم کرنے سے باز نہیں آتی۔ اس حادثے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور لوگوں نے اس خاتون کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے بہت سے لوگوں کو اس غم و غصے کی جانب متوجہ کیا ہے، اور یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ آخر کیوں طاقتور افراد غریبوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں؟ اس کے علاوہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اشرافیہ کے لوگوں کو اپنے رویوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اور کسی بھی انسان کو اس کی حیثیت سے کمتر نہیں سمجھنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں: جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور سیکیورٹی انتظامات

اس واقعے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور عوامی حلقے امید کر رہے ہیں کہ اس خاتون کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی تاکہ قانون کی بالادستی قائم ہو اور ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

غریبوں کے ساتھ ظلم کی یہ بدترین مثال ہمارے معاشرتی نظام میں عدلیہ اور پولیس کے کردار کو بھی سوالیہ نشان بناتی ہے۔ اس واقعے کے بعد عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ اس خاتون کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے اور غریبوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی جائے۔

مزید خبریں