هفته,  15 فروری 2025ء
صحافیوں کے پلاٹس پر 80 فیصد سندھ حکومت کی ادائیگی اور ترقیاتی کاموں کے لئے تمام اقدامات مکمل

کراچی (میاں خرم شہزاد) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود بالخصوص ان کی رہائش کے لئے پلاٹس کی فراہمی سمیت دیگر پر بھرپور توجہ دی ہے۔ ایل ڈی اے اور ایم ڈی اے کے صحافیوں کے پلاٹس پر 80 فیصد سندھ حکومت کی ادائیگی اور وہاں پر ترقیاتی کاموں کے لئے تمام اقدامات مکمل کرلئے ہیں۔ گذشتہ سال کی سالانہ ترقیاتی اسکیموں میں سندھ حکومت نے کوئی نئی ترقیاتی اسکیم شامل نہیں کی تھی البتہ اس سال ایل ڈی اے میں ہاکس بے پر ترقیاتی کاموں کی پی سی ون بنا لی گئی ہے جو اس سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جائے گی۔ 700 نئے ممبران کو پلاٹس کی فراہمی کے لئے بھی زمین مختص کرلی گئی ہے. کراچی پریس کلب کی جانب سے ان ممبران کی ویریفیکیشن کے بعد اس کی قرعہ اندازی جلد کردی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی کی قیادت میں آئے 4 رکنی وفد کے ساتھ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری کراچی پریس کلب سہیل افضل خان، نائب صدر ارشاد کھوکھر اور خزانچی عمران ایوب شامل تھے۔ جبکہ اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عائشہ حمید، ڈی جی ایل ڈی اے صفدر بگھیو، ڈی جی ایم ڈی اے سعید جمانی، پروجیکٹ ڈائریکٹر لئیق احمد و دیگر ایل ڈی اے اور ایم ڈی اے کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں ایم ڈی اے کی تیسر ٹائون میں صحافیوں کے پلاٹس میں سندھ حکومت کی جانب سے 80 فیصد ادائیگی، ہاکس بے میں ایل ڈی اے کی صحافیوں کے پلاٹس پر وہاں ترقیاتی کاموں، 700 نئے کراچی پریس کلب کے ممبران کو پلاٹس کی فراہمی اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی سے زمین کی منتقلی میں درپیش مسائل پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں سندھ حکومت کی جانب سے اے ڈی پی میں کوئی نئی اسکیم نہیں رکھی گئی تھی. جس کی وجہ سے وہاں ترقیاتی کاموں کو سرانجام نہیں دیا جاسکا البتہ اس کی پی سی ون بنا کر منظور کروائی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایات دی کہ اس سال کے اے ڈی پی میں اس اسکیم کو لازمی شامل کیا جائے۔ 700 نئے ممبران کو پلاٹس کی فراہمی پر ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ اس سلسلے میں زمین کا انتظام کرلیا گیا ہے البتہ کراچی پریس کلب کی انتظامیہ کو ان 700 ممبران کی ویریفیکیشن کے لئے بھیجا گیا ہے وہاں سے فہرست ملتے ہی اس کی قرعہ اندازی کردی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے صدر کراچی پریس کلب سے استدعا کی کہ اس فہرست کی فوری ویریفیکیشن کرکے اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ماضی میں اگر کسی صحافی کو کسی اسکیم میں پلاٹ مل چکا ہو تو اسے دوبارہ نہ ملے بلکہ نئے ممبرز کو یہ پلاٹس مل سکیں۔ ایم ڈی اے کے ڈی جی سعید جمانی نے اجلاس میں بتایا کہ 80 فیصد سندھ حکومت سے ادائیگی کی گورننگ باڈی سے منظوری کے بعد اس کی سمری فنانس ڈپارٹمنٹ کو ارسال کردی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کراچی پریس کلب کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملہ کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کروائیں گے اور سندھ حکومت کے حصہ ہے پیسہ ملتے ہی وہاں پر ترقیاتی کاموں کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔ ڈی سی کیماڑی سے زمین کی میوٹشن پر صوبائی وزیر نے کہا کہ اس حوالے سے بھی وہ ریونیو منسٹر سے ملاقات کرکے اس معاملہ کو بھی جلد از جلد حل کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے آزادی صحافت اور صحافیوں کے لئے ہر وہ اقدامات کئے ہیں جو ان کا حق ہے اور آئندہ بھی ہم اپنی صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی و دیگر وفد کے ارکان نے صوبائی وزیر کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی پریس کلب اور یہاں کے صحافیوں نے اس ملک میں جمہوریت کی بقا اور آمریت کے خاتمہ کے کئے ہمیشہ ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی جمہوریت کے استحکام کے لئے وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مزید خبریں