جمعرات,  13 فروری 2025ء
حافظ آباد: پی ٹی آئی رہنما چوہدری قمر جاوید گجر ایڈوکیٹ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جانبحق، مقدمہ درج

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف سنیئر وکیل ہائی کورٹ چوہدری قمر جاوید گجر ایڈوکیٹ کو 13 فروری 2025 کی صبح نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ صبح محلہ نور شاہ، تحصیل پنڈی بھٹیاں میں پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر نمبر SPB-13/02/2025-190 درج کر لی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق، قمر جاوید گجر اپنی رہائش گاہ سے نکل کر نماز کی ادائیگی کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے چوہدری قمر جاوید گجر شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پنڈی بھٹیاں اور پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔مقتول قمر جاوید گجر کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں دفعہ 302 (قتل عمد) اور دفعہ 34 (مشترکہ نیت) شامل کی گئی ہے۔ پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔قمر جاوید گجر ایڈوکیٹ علاقے میں ایک سرگرم سیاسی اور سماجی شخصیت تھے، اور ان کے قتل پر مقامی سیاسی و سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ہی اس کیس میں پیش رفت متوقع ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو اس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس کو فراہم کرے تاکہ جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: باوردی پولیس اہلکار بھکاری خاتون سے زیادتی کرتے پکڑا گیا، شہری پر فائرنگ، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

مزید خبریں