کراچی (میاں خرم شہزاد) ایمبیلش وومن ایمپاورمنٹ ویلفیئر آرگنائزیشن کی انتظامیہ نے اورنگی ٹاؤن میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا. جس میں درجنوں افراد کا مفت معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ کیمپ کا مقصد موجودہ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیماریوں کے حوالے سے عوام کو فوری طبی سہولتیں فراہم کرنا تھا۔ اس کیمپ کے انعقاد کے حوالے سے تنظیم کی صدر حدیقہ ناز نے کہا کہ ’’ہم عوام کو گھروں کے قریب طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی شخص بیماریوں کا شکار ہونے کی صورت میں جلد اور آسان علاج حاصل کر سکے۔‘‘ حدیقہ ناز نے مزید کہا کہ ’’علاقے کی عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے اور نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور جلدی امراض میں مبتلا مریض زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں۔‘‘ کیمپ میں مختلف بیماریوں کے ماہر ڈاکٹروں نے شرکت کی اور مریضوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے اہم مشورے دیے۔ ایک روزہ میڈیکل کیمپ میں علاقے کی عوام نے بھرپور شرکت کی اور فلاحی ادارے کے اس اقدام کی تعریف کی۔ ایمبیلش وومن ایمپاورمنٹ ویلفیئر آرگنائزیشن کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ اس طرح کے کیمپ آئندہ بھی مختلف علاقوں میں لگائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو صحت کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ کیمپ کے اختتام پر حدیقہ ناز نے تمام ڈاکٹروں، رضا کاروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’ہم ہمیشہ عوام کی خدمت کے لیے تیار ہیں اور اس طرح کے مزید طبی کیمپ لگاتے رہیں گے۔