لاہور (روشن پاکستان نیوز) چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ سے جسپرت بمراہ کے متبادل کے طور پر محمد سراج کے بجائے ہرشیت رانا کو شامل کرنے پر شائقین کرکٹ برس پڑے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے لیے ان کے مرکزی فاسٹ بولر جسپرت بمراہ کا انجری کے باعث اخراج کم صدمہ تھا کہ اب شائقین کرکٹ نے ان کے متبادل کے طور پر سراج کو نظر انداز کر کے ہرشیت رانا کو شامل کرنے پر ٹیم، سلیکشن اور کپتان پر کڑی تنقید کر رہے ہیں۔
بھارتی شائقین کرکٹ جو انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم سے محمد سراج کے اخراج پر شدید غصہ میں تھے۔ انہوں نے کپتان روہت شرما کے اس بیان جس میں انہوں نے محمد سراج کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا جواز یہ دیا کہ سراج کو اس لیے چھوڑ دیا گیا کیونکہ وہ نئی گیند کے ساتھ اچھا نہیں کر رہے ہیں۔
شائقین کرکٹ کو ان کا یہ انداز نہ بھایا اور انہوں نے روہت شرما کو ہی منافق قرار دے دیا تھا۔ اب جب جسپرت بمراہ کے حتمی طور پر چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے بعد شائقین سراج کی بلیو شرٹس ٹیم میں واپسی کی امید کر رہے تھے لیکن سلیکٹرز نے ہرشیت رانا کو ترجیح دے کر انہیں مزید براوختہ کر دیا۔
بھارتی شائقین نے سلیکشن ٹیم اور ہیڈ کوچ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ایک بڑا ایونٹ ہے اور اس کے لیے محمد سراج ایک تجربہ کار اور آل فارمیٹ کھلاڑی بہتر انتخاب ہوتا برعکس ہرشیت کے، جس نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا ہے۔
سراج نے 44 ون ڈے میچ کھیل رکھے ہیں۔ اس میں انہوں نے 5.18 کی اکانومی کے ساتھ 71 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔ وہ میچ میں ایک بار پانچ اور دو بار چار وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ جسپرت بمراہ دورہ آسٹریلیا بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوران آخری ٹیسٹ میچ میں کمر کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ بھارتی سلیکٹر نے انہیں ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔ تاہم آئی سی سی کی ڈیڈ لائن تک وہ مکمل صحتیابی حاصل نہ کر سکے جس کے باعث بھارتی سلیکٹرز کو ان کے متبادل کے طور پر ہرشیت کو شامل کرنا پڑا جب کہ یشوی جیسوال کی جگہ ورون چکر ورتی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی ٹیم:
روہت شرما (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہاردیک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سنڈر، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، محمد شامی، ارشدپ سنگھ، رویندر جڈیجا، ورون چکرورتی۔