بدھ,  12 فروری 2025ء
اگر خدمت کا مترادف ہوتا تو نسیم ہوتا / کیا آپ کے پاس ہے؟

سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ

تم نے ہمیں بہت مایوس کیا ہے نسیم ۔
میں نے بہت سے خدمت گار دیکھے ہیں اپنی زندگی میں، جو بوڑھوں اور بیماروں کی دیکھ بھال بڑی بے دلی سے کرتے ہیں اور اکثر اوقات تو انہیں بار بار سمجھانا پڑتا ہے کہ ان کی ذمہ داری کیا ہے مگر وہ صرف اپنی تنخواہ سے غرض رکھتے ہیں اپنی فرائض سے نہیں۔
جب تم آئیں تو ایسا لگا کہ تم جو ماں جی میں غیر معمولی دلچسپی لے رہی تھیں شاید یہ کوئی پیسوں کا لالچ ہو یا پھر صرف چند دن کا دکھاوا ہو اور پھر وہی ہفتے دو ہفتے بعد تمہارے کام میں لاپر واہی جھلکنے لگے گی ۔
مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ احساس ہوا کہ تمہیں اپنی خدمات کے صلے میں پیسوں کا کوئی لالچ نہیں ہے
اسی لیے میں نے کہا کہ تم نے ہمیں بہت مایوس کیا۔
ہم سمجھتے تھے کہ تم بھی اور لوگوں کی طرح ہوگی لیکن تم ان کے بالکل بر عکس، ہماری توقعات کے بالکل برخلاف نکلی۔ اسی لیے مایوسی ہوئی کہ ہم نے تمہیں کیا سمجھا تھا اور کیسا پایا
ہر وقت ماں جی کی خدمت میں مامور۔
ان کو وقت پر دوائی دینا، صبح شام بلڈ پریشر اور شوگر چیک کرنا ،وقت پر کھانا اور خوراک مہیا کرنا اور سب سے بڑھ کر بہووں اور بیٹیوں سے بھی بڑھ کر، تم نے وہ کام خوشی خوشی کیے جو اپنوں کے لیے بھی کسی حد تک مشکل ہوتے ہیں کہ انہیں باتھ روم لے کر جانا، ان کو نہلانا ،
تم کون ہو نسیم ؟میں اکثر سوچتا ہوں تم کہاں سے آئی ہو؟ تم اس زمینی سیارے کی تو نہیں لگتیں
تم پر اکثر ایک فرضی کردار کا گمان ہوتا ہے جیسا کہ ہم فلموں میں دیکھتے ہیں۔ کوئی اپنے آپ کو بھول کر صرف کسی کی خدمت میں لگ جائے۔
ایک مثالی کردار جو صرف کتابوں اور ناولوں میں نظر آتے ہیں
جو حقیقت میں نہ ہو۔
لیکن تم تو مکمل حقیقت ہو نسیم
جیتی جاگتی، چلتی پھرتی، کھاتی پیتی حقیقت۔ اگر تمہیں دیکھ نہ لیا ہوتا تو تمہارے بارے میں کسی سے باتیں سن کر مجھے شاید یقین نہ آتا
میرے بس میں ہو تو اعلی حکام سے گزارش کروں کہ تم جیسی بچیاں جہاں جہاں بھی بیماروں، بوڑھوں کی خدمت میں مامور ہیں انہیں ان کی خدمات کے صلے میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے
جو انسانوں کو انسان سمجھتی ہیں اور کسی لالچ کے بغیر سب کام کرتی ہیں۔
اگر تمہیں کچھ رقم دی جائے تو تم معذرت کر کے کہتی ہو کہ بس دعا دیں
تو پھر تمہیں دعا کی لالچ ہوئی نہ
اور بے شک دعا کی لالچ سب سے بہترین چیز ہے جو جنت میں لے جا سکتی ہے۔
تمہاری ایسی تربیت کرنے پر تمہارے ماں باپ کو مبارکباد۔

جن گھروں میں اس طرح کی بے لوث بچیاں کسی کی دیکھ بھال کر رہی ہوں ان سے صدق دل سے ، برائے مہربانی آپ لوگ، شکریہ کے دو بول ضرور بول دیں۔
لوگ کسی کو چائے پلانے کے خرچے کو اپنے اوپر بار تصور کرتے ہیں
اور کسی کے لئے شکریہ اور تعریف کے دو لفظ بولنے پر تو ان کی زبان دکھتی ہے۔

اور ایک اور بات
خدا نے مجھے دو بیٹیاں عطا کی ہیں اور اگر تمہیں قبول ہو، تو میں تمہیں بھی، تیسری بیٹی بنا لوں؟
کیا خیال ہے تمہارا؟

مزید خبریں