اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ کی ریفرنڈم میں شاندار کامیابی پر چیئرمین پاکستان منیارٹی فورم چوہدری اشرف فرزند اور متحدہ مسیحی فورم کے چیئرمین عدیل غوری کی قیادت میں وفد نے سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی آفس کا دورہ کیا اور چوہدری محمد یٰسین اور ان کی پوری ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان منیارٹی فورم چوہدری اشرف فرزند نے کہا کہ مسلسل پانچویں بار ریفرنڈم میں کامیابی حاصل کرنا ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چوہدری محمد یٰسین اور ان کی ٹیم مزدوروں کی خدمت میں مزید بہتری لائیں گے اور ملازمین کے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کریں گے۔ انہوں نے کہا، “آج سے ہم اپنے محبوب قائد کو مزدوروں کے تاحیات وزیراعظم کے لقب سے پکاریں گے۔”
متحدہ مسیحی فورم کے چیئرمین عدیل غوری نے کہا کہ اس دفعہ مسیحی ووٹروں نے اتحاد و اتفاق کے ساتھ بڑی تعداد میں سی ڈی اے مزدور یونین کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور چوہدری محمد یٰسین نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “میرے سی ڈی اے کے محنت کشوں نے مزدور یونین کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا اور بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا۔ میں اپنے محنت کشوں کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا اور ان کے اعتماد پر پورا اُترنے کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔” انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ملازمین کے مسائل جیسے پلاٹوں کی الاٹمنٹ، بچوں کی بھرتی اور مراعات میں اضافہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر مزدور یونین کے صدر خان اورنگ زیب خان، وارث دلیپ، سلیم بھٹی، جمیل کھوکھر، آصف جان، ناصر مسیح، سرفراز بشیر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور چوہدری محمد یٰسین کی قیادت کو سراہا۔
مزید پڑھیں: سی ڈی اے ریفرنڈم کی تاریخ کا اعلان، پولنگ 6 فروری کو ہوگی
چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں سی ڈی اے مزدور یونین کی کامیابی نہ صرف محنت کشوں کی کامیابی ہے بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ مزدوروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک مضبوط اور متحد قیادت کی ضرورت ہے۔