بدھ,  12 فروری 2025ء
وفاقی پولیس افسر اشفاق وڑائچ کی بزرگ خاتون وکیل کو دھمکی: “آپ مجھے جانتی نہیں، میں کون ہوں”

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وفاقی پولیس کے افسر، اشفاق وڑائچ ایک بزرگ خاتون وکیل کو دھمکی دے رہے ہیں کہ “آپ مجھے جانتی نہیں، میں کون ہوں؟” یہ واقعہ آج وکلاء احتجاج کے دوران پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق اشفاق وڑائچ جو کہ اسلام آباد مثالی وفاقی پولیس کے ایس ایچ او ہیں، وکلاء کے احتجاج کے دوران بزرگ خاتون وکیل کو دھمکیاں دے رہےتھے ۔ یہ وہی افسر ہیں جنہوں نے حال ہی میں مسجد کے سپیکر میں اعلان کرتے ہوئےغیر قانونی سزائیں سرعام دینے کی دھمکی دی تھی۔

ذرائع کے مطابق، اشفاق وڑائچ نے نہ صرف وکیل خاتون کو دھمکیاں دیں بلکہ ان کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ اس غیر مناسب سلوک کے بعد، وکیل خاتون نے پولیس افسر کے خلاف شکایت درج کروا دی اور کہا کہ ان کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ ان کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

اس واقعے کے بعد، شہریوں اور وکلاء کی کمیونٹی کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور پولیس افسر کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔ وفاقی پولیس حکام سے یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا ایسے افسران کو اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے کی اجازت دینی چاہیے جو عوام کے ساتھ بدسلوکی اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی اہم کارروائیاں، منشیات فروشوں، پتنگ بازوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت اقدامات

اس واقعے نے عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کسی اور کے ساتھ ایسا سلوک نہ ہو۔

مزید خبریں