اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کی سبزی منڈی میں قبضہ مافیا کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، جس کے باعث تاجر برادری اور مقامی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سبزی منڈی کی مین ڈبل روڈ اور اس کے ملحقہ سڑکوں پر قبضہ مافیا کا قبضہ ہے، جہاں سڑکوں پر چھابڑا فروش، ترپال والے، ٹھیکے والے اور ریڑھی فروشوں نے اپنی جگہیں بنا رکھی ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت ممکن نہیں ہو پاتی۔
مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر قبضہ مافیا نے لاکھوں روپے کے عوض سڑکوں کا قبضہ بیچ دیا ہے، جس کے نتیجے میں لوڈر گاڑیاں گھنٹوں رش میں پھنس جاتی ہیں اور دکانوں تک پہنچنے کا راستہ نہیں ملتا۔ جب ان گاڑیوں کو راستہ دینے کا کہا جاتا ہے تو قبضہ مافیا تاجروں اور ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے اور گاڑیوں کے ٹائروں سے ہوا نکال دیتا ہے۔
تاجر برادری نے چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او سبزی منڈی کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام کو درخواستیں دے کر ان سڑکوں کو 24 گھنٹے میں خالی کرانے کی اپیل کی تھی۔ تاہم، ان درخواستوں کے بعد انتظامیہ نے صرف عارضی اور رسمی کارروائی کی، اور اس کے بعد میڈیا میں جھوٹی خبریں پھیلائیں کہ سڑکوں کو قبضہ مافیا سے آزاد کروا لیا گیا ہے، جب کہ حقیقت میں سڑکوں پر قبضہ مافیا کا کنٹرول بدستور برقرار ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ان کے مسائل کے حل کی بجائے ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ دکانوں سے سامان اٹھایا جا رہا ہے اور سبزی کی نیلامی کے شیڈ سے تاجروں کے اسٹول اور کرسیاں ہٹائی جا رہی ہیں تاکہ تاجروں کو بلیک میل کیا جا سکے اور وہ اپنی درخواستیں واپس لے لیں۔
تاجر برادری نے وزیر داخلہ، چیف کمشنر، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر سبزی منڈی کا دورہ کریں اور یونین سے براہ راست ملاقات کرکے ان معاملات کی تحقیقات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس صورت حال کا فوری حل نہ نکالا گیا تو تاجر برادری منڈی میں ہڑتال کرے گی اور کاروبار بند کر دے گی، کیونکہ جب تاجروں کی عزت اور کاروبار ہی محفوظ نہیں تو کاروبار کرنا بے معنی ہے۔
مزید پڑھیں: تاجر دوست گروپ کا مرکز G-9 اسلام آباد میں انتخابی دفتر کا رنگا رنگ افتتاح