راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کیا۔
موٹر سائیکل چوری اور سٹریٹ کرائم میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار
تھانہ بنی پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور سٹریٹ کرائم میں ملوث 3 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں عثمان عرف منا، اسد اور ہارون شامل ہیں۔ ان کے قبضے سے 5 مسروقہ موٹر سائیکل، مسروقہ بیٹری، چھینی ہوئی رقم 6500 روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے قیمتی اثاثے چھیننے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں
صدر واہ، رتہ امرال، ویسٹریج، نصیرآباد اور ائیرپورٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے ساڑھے 5 کلو سے زائد چرس برآمد کی۔ یہ کارروائیاں منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے کی گئیں۔
گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات
راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر انتظامات کیے ہیں، جس کے تحت 400 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پیرودہائی پولیس کی کارروائی
پیرودہائی پولیس نے ایک اشتہاری مجرم نصیراللہ کو گرفتار کرلیا، جو کہ اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ معمولی تلخ کلامی پر چھریوں کے وار سے شہریوں کو زخمی کر دیا تھا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مہر بانو قریشی گرفتار، اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر ہاؤس اریسٹ
ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے 6 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے پستول اور ایمونیشن برآمد کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔