بدھ,  12 فروری 2025ء
سندھ حکومت کا کراچی میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

کراچی (میاں خرم شہزاد) سندھ حکومت نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے دن کے اوقات میں ڈمپرز کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نیا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ٹریفک حادثات سے متعلق ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

اس فیصلے کے مطابق، ڈمپرز کو صرف رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کراچی میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اجلاس میں شریک حکام نے اس بات پر زور دیا کہ اس فیصلے کا مقصد سڑکوں پر حادثات کی تعداد میں کمی لانا اور شہر کی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کراچی میں چلنے والی تمام بڑی گاڑیوں اور ان کے ڈرائیوروں کی جسمانی تصدیق کی جائے گی تاکہ روڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید یہ کہ شہر میں چلنے والی تمام گاڑیوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ سے QR کوڈ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے آپریشنز کو اگلے تین ماہ کے اندر رات کے اوقات میں منتقل کرے تاکہ دن کے وقت ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو بھی ہدایت کی کہ وہ تمام واٹر ٹینکرز کی محکمہ ٹرانسپورٹ سے ایک ماہ کے اندر مکمل انسپکشن کرائیں۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ ایف آئی آر بھی درج کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حادثات کی سب سے بڑی وجہ ہیوی ٹریفک قوانین کی عدم پیروی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے پورے صوبے میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (VICS) شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وکلاء برادری سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا پیغام

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کراچی میں 65 فیصد گاڑیاں موٹر سائیکلیں ہیں اور 55 فیصد حادثات موٹر سائیکل سواروں کے ساتھ ہوتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر، چیف سیکریٹری سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو حکم دیا کہ وہ ایک ماہ کے اندر ٹریفک کی بہتری کے لیے اقدامات کریں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروائیں۔ اس کے علاوہ، ٹریفک جرمانوں کو چار گنا بڑھانے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ روڈ سیفٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

سندھ حکومت کراچی میں سڑکوں کی حفاظت، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کے انتظامات میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے، اور ان اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین اور آگاہی کے متعلق میڈیا پر مہم چلائی جائے تاکہ عوام کو ان نئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔

مزید خبریں