بدھ,  12 فروری 2025ء
سہ ملکی سیریز، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ  نے میزبان پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ اور رچن رویندرا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ول ینگ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا جبکہ 39 کے مجموعے  پر ابرار احمد نے رچن رویندرا کو آؤٹ کر دیا۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ داری سے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم 134 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے کین ولیمسن کو 58 رنز پر آؤٹ کیا اور اس کے بعد ٹوم لیتھن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ڈیرل مچل اور فلپس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔

گلین فلپس نے ناقابل شکست 106 رنز کی جارحانہ اننگزکھیلی اور 72 گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ ڈیرل مچل 81 رنزبناکرنمایاں رہے۔

 پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، ابراراحمد دو اور حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔

حارث رؤف اپنے ساتویں اوور کے دوران درد کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کا موبائل فون گم گیا

ہدف کے تعاقب میں فخر زمان نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا لیکن ان کا ساتھ کوئی نہ دے سکا، بابر 10، کامران 18اور رضوان تین رن بنا کر لوٹ گئے۔

فخر زمان بھی 69گیندو ں پر 84 رنز بنا کر ہمت ہار گئے، اس کے بعد سلمان آغا 40 طیب طاہر 30 کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 252 رنز بنا کرآوٹ ہوگئی  اور یوں اسے 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑاتاہم حارث رؤف بیٹنگ کیلئے نہ آ سکے۔

سینٹنر نے تین، بریسویل اور میٹ ہینری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ تین ملکی سیریز کا دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان پیر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں