جمعه,  07 فروری 2025ء
شریف خاندان کے خلاف جھوٹے مقدمات اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں: راجہ ضمیر الدین احمد

چکوال (روشن پاکستان نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل ضلع چکوال، چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ ن لائرز فورم پنجاب، راجہ ضمیر الدین احمد نے کہا ہے کہ 2018 سے 2021 کے دوران شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف جو جھوٹے اور من گھڑت مقدمات بنائے گئے تھے، وہ اب اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں خاص طور پر قائد میاں محمد نواز شریف، میڈم مریم نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف اور سلمان شہباز شریف کے خلاف کیسز شامل تھے، جنہیں باعزت طور پر عدالتوں نے بری کر دیا ہے۔ راجہ ضمیر الدین احمد نے کہا کہ آج رمضان شوگر ملز کے کیس میں میاں محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو معزز عدالت نے باعزت بری کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ جھوٹے مقدمات کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہمیشہ سچائی اور انصاف کے ساتھ قدم بڑھایا ہے اور اس فیصلے پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: شیخو پورہ ضمنی الیکشن: ن لیگ کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا، فافن کی رپورٹ

راجہ ضمیر الدین احمد نے دونوں قائدین کو بری ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائدین کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والی ہر ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ یہ فیصلے ہمارے موقف کی فتح ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں بھی انصاف کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید خبریں