کراچی (میاں خرم شہزاد) اسلام امن، آزادی اور برداشت کا دین ہے اور یہی اسلام کا اصل چہرہ ہے۔ اسلام مخالف قوتوں کی وجہ سے پوری امت مسلمہ اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلال سلیم قادری کا کہنا تھا کہ اسلام مخالف قوتوں کی جانب سے مسلم ممالک کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔تمام مسلم ممالک کے اندرون خانہ حالات کو خراب کرنے کے لیے بھی سازشیں کی جا رہی ہیں۔
موجودہ حالات کے پیش نظر تمام مسلم ممالک کو امت مسلمہ کے جھنڈے تلے جمع ہونا ضروری ہے۔مسلمانوں کے مخالفین اب کھل کر سامنے آگئے ہیں سب کے چہرے واضح ہو گئے ہیں۔مغربی طرز زندگی ہماری نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے لیے تیزی سے پھیلایا جا رہا ہے۔ماڈرن ازم کا نام استعمال کر کے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات سے دور کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: علامہ سید ساجد علی نقوی کی حاجی گلبر خان راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات
بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو مغربی قوتوں کی جانب سے اسلام کے خلاف پھیلائے جانے والے غلط تاثرات کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرناہوں گے۔پوری اسلامی دنیا بدترین دور سے گزری ہے۔ کیونکہ اس دوران مکمل مسلم آبادی والے علاقوں کے ساتھ ساتھ اکثریتی مسلم آبادی والے ممالک پر بھی مغربی اقوام کا غاصبانہ قبضہ رہا ہے۔ایک جامع حکمت عملی بنانے سے پوری امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ ایک ایسے راستے پر گامزن ہونا ہوگا جس سے ہم اپنی کھوئی ہوئی عزت و عظمت اور وقار دوبارہ حاصل کر سکے۔تمام مسلم ممالک کے ایک ساتھ جمع ہونے سے پوری دنیا میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔