بدھ,  05 فروری 2025ء
رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور سیکنڈ سیکرٹری امریکی ایمبیسی ریمنڈ نیلسن کی ملاقات

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور سیکنڈ سیکرٹری امریکی ایمبیسی، ریمنڈ نیلسن کے درمیان پبلک سیکرٹریٹ خداداد ہائیٹس پر ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں انجم عقیل خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کثیر الجہتی نوعیت کے ہیں اور ان کا طویل تاریخی پس منظر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور امریکہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔

انجم عقیل خان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے دفاعی پیداوار اور ایران سے تجارت کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان یکساں پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور انہوں نے امریکہ اور مغرب سے درخواست کی کہ وہ ایران سے تیل اور گیس کی درآمدات پر عائد پابندیوں پر نظرثانی کریں۔

اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے پورے پاکستان اور اسلام آباد میں تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مشترکہ کام کرنے اور سکلڈ لیبر کو امریکہ میں روزگار کی فراہمی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

انجم عقیل خان نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ حکومت کی پالیسی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

ملاقات میں ڈاکٹر موسیٰ خان بھی رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کے ہمراہ موجود تھے۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین روابط کو مزید مستحکم کرنے اور اہم مسائل پر تعاون بڑھانے کی خواہش کا غماز تھی۔

مزید خبریں