کراچی: سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں امام پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے اپنی جماعت اور کمیونٹی کی تعلیم و تربیت، صحت اور دیگر شعبوں میں بے مثال خدمات سرانجام دیں۔ ان کی قیادت میں اسماعیلی کمیونٹی نے ترقی کے نئے مراحل طے کیے اور معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کا آغاز ہوا۔
مزید پڑھیں: لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس ( ر ) فقیر کھوکھر علالت کے بعد انتقال کر گئے
سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی وفات سے نہ صرف اسماعیلی برادری بلکہ پوری انسانیت کو ایک عظیم نقصان پہنچا ہے۔ سندھ حکومت اور صوبے کے عوام ان کے انتقال پر گہرے دکھ میں شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اسماعیلی کمیونٹی کے غم میں اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے دلجمعی کا پیغام دیا۔
پرنس کریم آغا خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی قیادت میں چلنے والے تعلیمی اور صحت کے اداروں نے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بہتر بنایا ہے۔ ان کی میراث ہمیشہ زندہ رہے گی اور آنے والی نسلیں ان کے کارناموں سے مستفید ہوتی رہیں گی۔