هفته,  01 فروری 2025ء
قلات میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 18 جوان شہید ، 23 دہشتگرد ہلاک

قلات(روشن پاکستان نیوز) قلات میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 18 جوان شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑکیں بلاک کرنے کی کوشش کی، تاہم، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہرنائی میں کارروائی میں 11دہشت گرد ہلاک ہوئے، فورسز نے ہرنائی میں کارروائی قلات دہشت گرد واقعے کے بعد کی، آئی ایس پی آر کے مطابق منگوچر اور ہرنائی میں 23 دہشت گردہلاک ہوئے۔

دہشت گردوں نے 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب سڑک بند کی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلا ک کیا گیا۔ اس دوران ایف سی بلوچستان کے 18 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کا مقصد معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے بلوچستان کے پر امن ماحول کو خراب کرنا تھا۔ دہشت گردوں کی اس بزدلانہ کارروائی کے پس پردہ دشمن قوتوں کا ہاتھ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردوں کا خودکش حملہ ناکام، 5 خارجی ہلاک

مزید خبریں