اسلام آباد(روبینہ ارشد) سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پانی کی صورتحال بہت ابتر ہے،مختلف کاغذات میں ڈیٹا کچھ کہتا ہے لیکن زمینی حقائق ہلا دینے والے ہوتے ہیں۔
چیئرپرسن شیری رحمان کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کااجلاس ہوا،اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آئی ایچ رپورٹ اسلام آباد میں پانی کے معیار کی سنگین صورتحال سے پردہ اٹھاتی ہے۔
41فیصد بور پانی، 27فیصد فلٹرڈ پانی اور 33فیصد سپلائی پانی کے نمونے غیر تسلی بخش ہیں،سیکٹر جی میں بور اور فلٹرڈ پانی کے 23 غیر تسلی بخش نمونے رپورٹ ہوئے۔
این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق ترلائی میں تمام بور پانی کے نمونے غیر تسلی بخش تھے،اسلام آباد میں پچھلے سال 158 مشتبہ ٹائیفائیڈ بخار کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اسلام آباد میں گزشتہ سال ہیپاٹائٹس اے کے 18 اور ہیپاٹائٹس ای کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے،اس کے علاوہ 3970 ڈینگی بخار کے کیسز رپورٹ ہوئے۔