راولپنڈی(کرائم رپورٹر) ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر سرکل کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے بھرپور شرکت کی۔ میٹنگ میں پولیس کے زیر تفتیش مقدمات کی پراگرس کا جائزہ لیا گیا اور مختلف اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ ایس پی صدر نے مقدمات کی چالان ریشو، پینڈنگ چالان اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ہدایات دیں۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے میٹنگ کے دوران کہا کہ زیر تفتیش مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور چالان بروقت عدالت میں جمع کرائے جائیں تاکہ انصاف کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کی ہدایات بھی دیں۔
ایس پی صدر نے اشتہاری مجرمان کے خلاف موثر کارروائی کرنے، گشت کے نظام کو مضبوط بنانے اور ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر فوری ریسپانس کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں، پتنگ بازی اور پتنگ فروشوں کے خلاف بھی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات دی گئیں تاکہ شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ایس پی صدر نے ایس ڈی پی اوز کو زیر تفتیش مقدمات کی پراگرس کی خود نگرانی کرنے اور تفتیش کو تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل کے حل اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ شہریوں کی خدمت اور جرائم پر قابو پانا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور ان کے تمام مسائل کا فوری حل پولیس کی ذمہ داری ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف جرائم میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی بھی ممکن ہوگی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی متعدد کارروائیاں، مختلف جرائم میں ملوث ملزمان گرفتار
پولیس کے افسران نے ایس پی صدر کی ہدایات پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی اور عوام کے تحفظ کے لیے مزید موثر اقدامات اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔