اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) نارنگی (اورنج) عام طور پر سردیوں کے موسم میں دستیاب ہوتا ہے، یہ آپ کے جسم کو صحت سے متعلق دیگر کئی فوائد فراہم کرسکتا ہے۔
یہ رس دار پھل غذائی اجزاء اور پانی کے مواد سے بھرا ہو اہوتا ہے، موسم سرما کے اس پھل کو مدافعتی نظام کے لیے نعمت سمجھا جاتا ہے۔
سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی جہاں دیگر پھل ہمارے بازاروں کی زینت بنتے ہیں وہیں نارنگی کی خوشبو بھی فضاء کو معطر کررہی ہوتی ہے، قدرت کا یہ انمول تحفہ وٹامن سی کی دولت سے مالا مال ہے جبکہ اس کے چھلکے میں بھی کئی فوائد پوشیدہ ہوتے ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر روزانہ ایک نارنگی (اورنج ) کھایا جائے تو امراض قلب اور بلڈ پریشر سمیت متعدد بیماریوں سے بچے رہنے کے ساتھ ساتھ صحت مند بھی رہا جاسکتا ہے۔
ماہرین کی جانب سے مسلسل 15 برس تک 28 ہزار لوگوں پر تحقیق کرنے کے بعد پھل اور سبزیوں کے انسانی صحت اور دماغی قوت پر پڑنے والے مثبت اثرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر کوئی شخص روزانہ کی بنیاد پر نارنگی کا ایک گلاس رس (اورنج جوس) نوش کرے تو اس کا حافظہ متاثر ہونے کا خطرہ 47 فیصد تک ٹل جاتا ہے۔
ہالینڈ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ نے یورپی کینسر اینڈ نیوٹریشن نے اپنے پروگرام کے دوران 20 سے لیکر 70 سال عمر تک کے افراد کا سروے کیا جس میں ان سے غذا، صحت سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نارنگی کے رس (اورنج جوس) کا استعمال فالج کا خطرہ بھی ٹال دیتا ہے اور اسی طرح دیگر تازہ پھلوں کا جوس بھی فالج کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
برٹش جرنل آف نیوٹریشن کے مطابق اگر ایک ہفتے کے دوران 8 گلاس نارنگی کا جوس نوش کیا جائے تو فالج کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
بڑی عمر کے لوگوں کو تین ماہ تک روزانہ ایک گلاس اورنج جوس پلایا جائے تو ہاتھ پاؤں سُن ہونے کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے کیونکہ نارنگی کا رس خون کی مقدار کو بڑھا دیتا ہے۔
مزید پڑھیں: محکمہ صحت بلوچستان میں غیر مجاز ادائیگیوں کا سلسلہ رک نہ سکا، 52 کروڑ کی ایک اور ادائیگی کا انکشاف
ماہرین کے مطابق روزانہ ایک گلاس اورنج جوس جسم کے اندر موجود زہریلے اور فاسد مادوں کو ختم کرتا ہے۔
نارنگی وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں وٹامن اے بھی پایا جاتا ہے جو بالوں کی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔